بیجنگ: چین کے صدر شی جن پھنگ اور عوامی جمہوریہ کوریا کے صدر کم جونگ اُن نے چین۔شمالی کوریا سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی نے اپنے پیغام میں نشاندہی کی کہ 75 برس قبل چین اور عوامی جمہوریہ کوریانے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کئے تھے جس سے دو طرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک نیا باب شروع ہوا جو تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برس میں دونوں ممالک نے عوامی طاقت کو مستحکم کرنے اور قومی خودمختاری کے تحفظ، تبادلے و تعاون مضبوط بنانے اور سوشلسٹ تعمیر کو آگے بڑھانے میں ایک دوسرے سے تعاون کیا ۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی مساوات اور انصاف کے تحفظ کے لئے بھی ملکر کام کیا ہے۔
اپنے پیغام میں عوامی جمہوریہ کوریا کے صدر کم جونگ اُن نے کہا کہ 75 برس قبل عوامی جمہوریہ کوریا اور چین نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کئے تھے اور اس کے بعد سے دو طرفہ دوستانہ تعلقات تاریخی ترقی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔
کم جونگ اُن نے کہا کہ گزشتہ 75 برس میں دونوں جماعتوں اور ممالک نے مختلف آزمائشوں اور چیلنجز پر قابو پانے اور سوشلزم کی راہ پر بہادری سے آگے بڑھنے کے اپنے مقاصد پر پختہ یقین برقرار رکھا ہے۔
