اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے اعلان تک احتجاج جاری رہے گا، صوبے کے منتخب وزیراعلی کی جبری گمشدگی وفاقِ پاکستان کیلئے تباہ کن ہے۔
اپنے ایک بیان میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جب تک کپتان حکم نہیں دیتے ڈی چوک سمیت ملک بھر میں پرامن احتجاج طے شدہ طریقہ کار اور ترتیب سے جاری رہے گا، فالس فلیگ آپریشن ٹو کو ناکام بنانے اور پرامن احتجاج کو خون میں نہلانے کی حکومتی کوششوں کو خاک میں ملانے پر تحریک انصاف کے کارکنان اور پختون عوام خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ صوبے کے منتخب وزیراعلی کی جبری گمشدگی نہایت شرمناک، اشتعال انگیز، آمرانہ اور وفاقِ پاکستان کیلئے تباہ کن ہے، دوتہائی مینڈیٹ کے حامل وزیراعلی کو اسلام آباد سے بندوق کے زور پر اٹھا کر کروڑوں پختونوں کو شدید اشتعال دلوانا اور جذباتی ردعمل کا ماحول پیدا کرکے آگ اور خون کی ہولی کھیلنا مقصود تھا۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا دیکھ رہی تھی کہ علی امین کی قیادت میں پرامن احتجاج کیلئے ڈی چوک کی جانب بڑھنے والا عوامی سمندر بدترین ریاستی فسطائیت کے باوجود مکمل طور پر پرامن رہا، علی امین گنڈا پور کو بندوق کے زور پر پختونخوا ہاوس سے اغوا کرکے پرامن احتجاج کو 9 مئی کی طرز پر پرتشدد بنانے کی مکروہ سازش کی گئی۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ پرامن مظاہرین کی میزبانی کے دوران قرونِ اولی کی یادیں تازہ کرنے پر اسلام آباد کے عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں، پرامن احتجاج کو افواہ سازی کے ذریعے ختم کروانے یا عوام میں کنفیوژن پھیلانے کی سرکاری کوششیں بھی اس فالس فلیگ آپریشن ٹو کیطرح ناکام و نامراد رہیں گی۔
