اسلام آباد: رینجرز نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد پہنچتے ہی گرفتار کرلیا، وزیراعلی کے پہنچنے پر پولیس کی جانب سے خیبرپختونخواہ ہاؤس پر شدید شیلنگ کی گئی جس کے بعد رینجرز وہاں داخل ہوئے اور علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرلیا۔
خیبرپختونخوا ہاؤس میں پولیس کی جانب سے قیدی وین بھی بھجوائی گئی ہے جس کے باعث مزید گرفتاریوں کا بھی خدشہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پرسرکاری املا ک کو نقصان پہنچانے اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال کرنے کے الزام ہیں۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع نے وزیراعلی علی امین گنڈاپورکی گرفتاری کی تردید کی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد کے ڈی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں شروع جاری ہیں،پولیس کی جانب سے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی نگرانی میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا گیاجس سے پی ٹی آئی کے کئی کارکنان متاثر ہوئے،گیس شیلنگ سے تجارتی مقام بلیو ایریا میں ہر طرف آنسو گیس کی بدبو پھیل گئی جس سے کئی شہری بھی متاثر ہوئے۔
پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتاریاں بھی شروع کردی ہیں،سوہان،کری روڈ، اقبال ٹاؤن، ڈھوک کالا خان ودیگر علاقوں سے گھروں کو واپس جانے والے شہریوں کو بھی گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ مری روڈ پر مظاہرہ کرنے والے کارکنان کے خلاف بھی مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
