اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینشہباز شریف سے ملائیشین وزیراعظم کی ملاقات، علاقائی و عالمی مسائل پر...

شہباز شریف سے ملائیشین وزیراعظم کی ملاقات، علاقائی و عالمی مسائل پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: پاکستان اور ملائیشیا نے دہائیوں پر محیط دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس بارے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیر اعظم کو ملائیشیا کو سال 2025ء کیلئے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر ملائیشین وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے وسیع تر کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔

جاری اعلامئے کے مطابق دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ئی دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تمام سطحوں پر بات چیت،وفود کے تبادلوں کی اہمیت،مشترکہ وزارتی کمیشن اور دو طرفہ مشاورت بڑھانے کیلئے حکمت عملی کی اہمیت پر زوردیا۔

ذرائع کے مطابق بعدازاں وفود کی سطح پر ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ بارے مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کا تبادلہ بھی ہوا۔قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کا استقبال کیا اور انہیں وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا 3 روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں، دورے کے دوران پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال، دونوں ممالک کے مابین شراکت بارے اہم پیشرفت ہوگی۔ملائیشین وزیر اعظم کے ہمراہ اعلی سطح کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں کا وفد بھی آیا ہے جو پاکستانی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے ملاقات کرے گا جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کیلئے ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان،ملائیشیا بزنس فورم میں شرکت بھی کریں گے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!