اقوام متحدہ: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نےنیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں "امن کے لئے قیادت” کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کیا۔
وانگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں نے کہا کہ امن کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ سلامتی کے درست تصور کو برقرار رکھا جائے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کی جائے، تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے، سرد جنگ کی ذہنیت اور زیرو سم گیم کو ترک کیا جائے اور بلاک سیاست اور کیمپ محاذ آرائی کی مزاحمت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ امن کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ بین الاقوامی عدل و انصاف کو برقرار رکھا جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ قطع نظر اس کے ممالک کاحجم کیا ہے ان کو برابر تصور کیا جائے ۔ وانگ نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اختیارات کا تحفظ کرنا چاہئے اورسلامتی کونسل کی اجازت کے بغیر کسی بھی غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں عائد کرنے کی مخالفت کرنی چاہئے۔
وانگ نے کہا کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن بننا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ فوری کام غزہ میں مستقل جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا اور لبنان میں ایک نئے انسانی بحران کو روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی اور سفارتی حل پر قائم رہیں۔ انہوں نے یوکرین کے بحران پر چین کے مستقل موقف کا اعادہ کیا جو امن مذاکرات اور سیاسی تصفیے کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کے حصول کے لئے مشترکہ اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ضروری ہے۔
