بیجنگ: چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے ریاستی کونسل کے ایگزیکٹو اجلاس کی صدارت کی ،جس میں وینچر کیپیٹل کی ترقی کو فروغ دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ وینچر کیپٹل کا تعلق سائنس ٹیکنالوجی جدت طرازی، صنعتی اپ گریڈیشن اور اعلیٰ معیار کی ترقی سے ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ فنڈ ریزنگ، سرمایہ کاری،انتظام اور ایگزٹ کے معاملات میں کام کرنے کے علاوہ وینچر کیپٹل سائیکل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقامی اور غیر ملکی مارکیٹوں میں عوامی سطح پر جانے کے لئے اہل سائنس ٹیک کاروباری اداروں کی مدد کی جائے اور وینچر کیپٹل صنعت کے سلسلے کو فروغ دینے کی کوشش کی جانی چاہئے۔
اجلاس میں کہاگیا کہ وینچر کیپٹل کی صحت مند ترقی کے لئے ادارہ جاتی بنیاد کو مستحکم کرنا ، کیپٹل مارکیٹ میں اصلاحات کے لئے کلیدی اقدامات کو نافذ کرنا ، کیپٹل مارکیٹ کے افعال کو بہتر بنانا اور وینچر کیپٹل مارکیٹ کو مزید متحرک کرنا ضروری ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں رواں سال اناج کی پیداوار اور زرعی سرگرمیوں کی صورتحال کی رپورٹ پر بھی غور کیاگیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ موسم خزاں کے اناج کی بھرپور فصل کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں،قبل از وقت وارننگ کو مضبوط بنایا جائے اور آفات سے بچنے کے اقدامات کئے جائیں اور فصل کی کٹائی کے لئے زرعی مشینری کو منظم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس میں شہداء کے اعزازات سے متعلق قواعد و ضوابط کے نظر ثانی شدہ مسودے اور دوہرے استعمال کی اشیاء کی برآمدی کنٹرول سے متعلق قواعد و ضوابط کا مسودہ بھی منظور کیا گیا۔
