اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لبنان اور شام میں بڑی تعداد میں مواصلاتی آلات کے دھماکوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ 17 اور 18 ستمبر کو لبنان کے ساتھ ساتھ شام میں بڑی تعداد میں مواصلاتی آلات میں دھماکوں سے بچوں سمیت کم از کم 11 افراد کی ہلاکت اور ہزاروں کے زخمی ہو نے کی اطلاعات پر سیکرٹری جنرل نے گہری تشویش اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 (2006) پر مکمل عمل درآمد کا دوبارہ عہد کریں اور استحکام کی بحالی کے لئے فوری طور پر جنگ بندی کی طرف لوٹیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ تشدد کے خاتمے کے لیے تمام سفارتی اور سیاسی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔
