اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینچین کے خدمات تجارت میلے میں ماحول دوست اور کم کاربن توانائی...

چین کے خدمات تجارت میلے میں ماحول دوست اور کم کاربن توانائی کی جانب منتقلی اجاگر

بیجنگ: بیجنگ میں جاری خدمات کی تجارت کا عالمی میلہ(سی آئی ایف ٹی آئی ایس) 2024 نہ صرف نئی معیارکی پیداواری قوتوں میں اختراع پیش کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہے بلکہ کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ میں ماحول دوست اور کم کاربن توانائی اپنانے میں بااختیار بھی بنارہا ہے۔

میلے میں ماحول دوست اور ذہین خدمات میں پیشرفت کو پیش کیا گیا ہے ۔ چین کے "دوہرے کاربن” اہداف نے تعمیرات، نقل و حمل، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، کھیلوں اور مالیات سمیت مختلف شعبوں میں ماحول دوست توانائی کی جانب منتقلی میں نئی قوت بخشی ہے۔ 12 ستمبر سے شروع ہونے والا یہ میلہ 16 ستمبر تک جاری رہےگا۔

رواں سال کے میلے میں ماحولیاتی خدمات کا نمائشی ہال تقریبا 12 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے جس میں ماحول دوست توانائی، کاربن ختم کرنے کی ٹیکنالوجیز اور سرکلر معیشت کے لئے وقف متعدد زون شامل ہیں جبکہ مقامی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں کی متعدد جدید ترین ٹیکنالوجیز پہلی بار متعارف کی گئی ہیں جس نے سی آئی ایف ٹی آئی ایس کو عالمی ماحول دوست اختراع میں اہم مرحلے کے طور پر پیش کیا۔

ہوا کی صفائی اور ہوا کے معیار کی نگراں سوئس کمپنی آئی کیو ایئر رواں سال پہلی بار سی آئی ایف ٹی آئی ایس میں شرکت کررہی ہے۔ اس نے اپنا تازہ ترین آئی کیو ایئرویب ڈیش بورڈ متعارف کرایا ہے جو بڑے ڈیٹا مانیٹرنگ، فضائی آلودگی کے کنٹرول اور ڈیٹا ویژولائزیشن کو ہارڈ ویئر سسٹم کے ساتھ مربوط کرتا ہے تاکہ اندرونی فضائی آلودگی کو کنٹرول کرکے کام کی جگہ پر ہوا کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔

آئی کیو ایئر کے گلوبل سی ای او فرینک کرسچن ہیمس نے بتایا کہ چین نے مارکیٹ  تک رسائی آسان بنانے خاص کر ماحول دوست ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں جس سے دنیا بھر کے ممالک کو فائدہ ہوگا۔ بین الاقوامی کمپنیاں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے چین کے فریم ورک میں ضم ہونے کی خواہشمند ہیں۔

سی آئی ایف ٹی آئی ایس کے دوران "گلوبل گرین اکانومی ڈیولپمنٹ فورم” کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے ماحول دوست معیشت کے ابھرتے شعبوں میں عالمی تعاون اور تبادلے کے لئے ایک بڑا پلیٹ فارم تخلیق کرنے پر چین کو سراہا۔

بین الاقوامی گرین اکانومی ایسوسی ایشن کے اعزازی صدر شا زوکانگ نے فورم سے خطاب میں کہا کہ ماحول دوست مسابقت کم کاربن کے طریقوں کی خاصیت رکھتی ہے۔ یہ عالمی سپلائی چینز اور بین الاقوامی تجارتی قوانین کو نئی شکل دے رہی ہے۔ اعلیٰ معیار اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لئے توانائی کی بچت ، اخراج میں کمی ، کاربن فٹ پرنٹ سسٹم کا قیام اور صنعتی و توانائی ڈھانچوں میں ماحول دوست اور کم کاربن تبدیلی کا فروغ ضروری ہے۔

میلے میں ماحول دوست ، کم کاربن توانائی کے شعبے میں نئی صنعتوں، کاروباری ماڈلز اور طریقوں کو اجاگر کرنے والی بہت سی متاثر کن کامیابیاں پیش کی گئی ہیں۔ متعدد گرین اکانومی کمپنیوں نے نئی ٹیکنالوجیز ، جیسے ری سائیکل شدہ پی ای ٹی مواد اور بائیو ماس ہیٹنگ پیش کی ہیں۔

چین کے وسطی صوبے ہوبے کے شہر ووہان کی آپٹکس ویلی بلیو فائر پہلی بار میلے میں شرکت کررہی ہے اس نے زرعی اور جنگلاتی فضلہ جیسے چاول کا چھلکا، لکڑی کا برادہ اور فصلوں کے بھوسے سے بائیو ماس توانائی کو تھرمل انرجی میں تبدیل کرنے کا ایک ماڈل پیش کیا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی پہلے ہی چین کے مختلف علاقوں میں استعمال کی جارہی ہے جس سے یہ مقامی صنعت میں سب سے آگے ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!