ٹوکیو (شِنہوا) جاپان میں چین کے سفارت خانے نے جاپان کا سفر نہ کرنے سے متعلق ہدایت نامہ دوبارہ جاری کیا ہے۔ یہ انتباہ ٹوکیو میں پیش آنے والے ایک حالیہ واقعے کے بعد دیا گیا ہے جس میں چند چینی شہریوں کو ہراساں کیا گیا تھا۔
سفارت خانے کے مطابق یکم مارچ کو متعدد چینی شہریوں کو ٹوکیو کی سڑکوں پر میراتھن ریس دیکھتے ہوئے جاپانی دائیں بازو کے کئی افراد کی جانب سے ہراساں کیا گیا تاہم پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا۔
سفارت خانے نے کہا کہ اس نے فوری طور پر مقامی پولیس سے رابطہ کیا اور جاپانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ جاپان میں چینی شہریوں کے جائز حقوق اور مفادات کو موثر طور پر محفوظ بنائیں۔
اپنے تازہ ترین انتباہ میں سفارت خانے نے چینی شہریوں کو دوبارہ ہدایت کی ہے کہ وہ فی الحال جاپان کے سفر سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ جاپان میں موجود افراد سے کہا گیا کہ وہ اپنی ذاتی حفاظت کے بارے میں زیادہ محتاط رہیں اور خود کو محفوظ بنانے کے اقدامات کو مضبوط کریں۔
سفارت خانے نے چینی شہریوں کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں اور جاپان میں چینی سفارتی مشنز سے مدد طلب کریں۔




