تہران (شِنہوا) ایران کے مقامی میڈیا نے ایک فوجی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو بند نہیں کیا ہے۔
خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے ڈپٹی کمانڈر کیومرس حیدری نے جمعرات کے روز ایران کے سرکاری ٹی وی آئی آر آئی بی کو بتایا کہ "ہم نے آبنائے ہرمز کو بند نہیں کیا ہے اور ہم وہاں سے گزرنے والے بحری جہازوں کے ساتھ بین الاقوامی پروٹوکول کے مطابق معاملات نمٹا رہے ہیں۔”
حیدری نے مزید کہا کہ ہم نے یہ عزم کر رکھا ہے کہ جب تک امریکہ کا غرور توڑ نہیں دیتے اور اسے مایوس اور ناامید نہیں کر دیتے، ہم اس جنگ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ جنگ کتنے دن جاری رہتی ہے، ہم اس جنگ کا خاتمہ تب ہی کریں گے جب ہم اپنے مقاصد حاصل کر لیں گے۔




