متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں واقع امریکی قونصل خانے کے قریب زور دار دھماکے ہوئے ہیں، دھماکوں کے بعد آگ اور دھویں کے بادل دیکھے گئے ہیں جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی قونصل خانہ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد عمارت کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ آسمان پر سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا تاہم دبئی میڈیا آفس نے تصدیق کی ہے کہ ڈرون حملے کے بعد لگنے والی آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
دبئی میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی بروقت اور موثر کارروائی کے باعث بڑے نقصان سے بچنا ممکن ہوا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ فضائی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔




