ہنوئی (شِنہوا) جیسے ہی بہار کے تہوار کا سفری رش ختم ہو رہا ہے، ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی اور چین کے جنوبی شہر نان ننگ کو ملانے والی بین الاقوامی مسافر ٹرین کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور تعطیلات کے دوران تمام سروسز مکمل گنجائش کے ساتھ چلیں۔
ویتنام ریلوے کارپوریشن (وی این آر) کے ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر نگوین چھن نام نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ بین الاقوامی مسافر ٹرین، جو گزشتہ سال 25 مئی کو معطلی کے بعد دوبارہ بحال ہوئی تھی، اب تک تقریباً 200 دوطرفہ دورے مکمل کر چکی ہے اور اس نے لگ بھگ 20 ہزار مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچایا ہے۔
نام نے مزید کہا کہ مسافروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خاص طور پر بہار تہوار کے عروج کے دنوں میں تمام ٹرینیں مکمل طور پر بک تھیں اور اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش کے ساتھ چلائی گئیں۔
ہنوئی کے گیا لام سٹیشن پر تہوار سے پہلے کے دنوں میں پلیٹ فارمز پر مسافروں کا شدید رش دیکھا گیاجن میں سے بہت سے مسافر بیرون ملک مہینوں کام کرنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے تھے۔




