سعودی عرب میں رمضان المبارک میں عمرہ ادا کرنے والے زائرین کی تعداد نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
حرمین انتظامیہ کے مطابق 4رمضان کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 4 ہزار افراد نے عمرہ ادا کیا جو ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے، اس سے قبل گزشتہ سال 7مارچ کو 5لاکھ عمرہ زائرین کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔
انتظامیہ کے مطابق مطاف (خانہ کعبہ کے گرد سفید سنگ مرمر کا کھلا صحن) کو دن بھر خصوصی طور پر عمرہ ادا کرنے والوں کیلئے مختص رکھا گیا تاکہ مناسک کی ادائیگی محفوظ اور منظم انداز میں ہو سکے، ماہ رجب میں ایک کروڑ 48 لاکھ زائرین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نمازوں کے اوقات خصوصا ًجمعہ، مغرب، عشا، تراویح اور رمضان کے آخری عشرے میں تہجد کے دوران نمازیوں کی بڑی تعداد کے باعث رش میں اضافہ ہو جاتا ہے اسلئے عبادت گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دستیاب صحنوں اور مختص کردہ مقامات کی طرف رخ کریں۔
مسجد الحرام کے داخلی و خارجی راستوں پر آمد و رفت کو ہدایتی سائن بورڈ کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ راہداریوں، سڑکوں اور صحنوں میں غیر ضروری اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مسجد الحرام کے اطراف ہجوم اور ٹریفک کو منظم رکھنے کیلئے خصوصی ٹریفک اقدامات کئے گئے ہیں اور مرکزی علاقے میں مخصوص پیدل راستے قائم کئے گئے ہیں جہاں نماز کے اوقات کے قریب گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوتی ہے۔
غیر مجاز موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ غیر قانونی پارکنگ کرنیوالی گاڑیوں کو جرمانہ اور ٹوئنگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔




