بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ چین کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع پر شدید تشویش ہے اور دونوں فریقوں پر زور دیاہے کہ وہ جلد از جلد جنگ بندی کریں۔
ترجمان ماؤ ننگ نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پاک افغان سرحد پر ہونے والی جھڑپوں کے بعد معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کیا ۔
ماؤ نے کہا کہ چین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں اور دونوں ہی چین کے بھی ہمسایہ ممالک ہیں۔
تنازع کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ماؤ ننگ نے کہا کہ لڑائی کا یہ دور پہلے سے زیادہ شدید ہے اور اس کا طول پکڑنا یا شدت اختیار کرنا دونوں اطراف کے لئے مزید نقصان اور تباہی کا باعث بنے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حمایت کرتا ہے تاہم انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، پرسکون رہیں اور اپنے اختلافات کو مذاکرات اور گفت و شنید کے ذریعے مناسب طریقے سے حل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین دونوں ممالک پر جلد از جلد جنگ بندی کے لئےزور دیتا ہے تاکہ عوام کو بڑی تکلیف سے بچایا جا سکے جو دونوں ممالک اور ان کے عوام کے بنیادی مفاد میں ہے اور خطے کے امن و استحکام کے لئے بھی سازگار ہے۔
ماؤ نے بتایا کہ چین اپنے ذرائع سے پاکستان اور افغانستان کے تنازع میں ثالثی کر رہا ہے اور تناؤ کو کم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
ماؤ نے یہ بھی کہا کہ چینی وزارت خارجہ اور پاکستان و افغانستان میں چینی سفارت خانے اس معاملے پر فعال طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ چین نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ وہاں موجود چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔




