دنیا کی مقبول ترین گلوکاراؤں میں شمار ہونیوالی ٹیلر سوئفٹ اور این ایف ایل سٹار ٹریوس کیلسی کی شادی سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں جس کے مطابق دونوں 13جون کو امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں واقع معروف مقام دی اوشین ہاس میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ یہ تاریخ ٹیلر سوئفٹ کیلئے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ نمبر 13کو وہ اپنی خوش قسمتی کی علامت قرار دیتی رہی ہیں اور اپنے کیریئر میں متعدد بار اس کا ذکر کر چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جوڑا اپنی شادی کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل کر چکا ہے اور ضروری قانونی دستاویزات آئندہ ماہ تک مکمل کئے جانے کا امکان ہے۔
رہوڈ آئی لینڈ کے علاقے واچ ہِل میں ٹیلر سوئفٹ کی رہائشگاہ بھی موجود ہے جبکہ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کی تاریخ منظر عام پر آنے کے بعد مقام کے قریب ہوٹلوں کے کرایوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریب شاندار اور پر تعیش ہو گی جس میں ٹیلر کے قریبی دوستوں اور شوبز وسپورٹس انڈسٹری کی نمایاں شخصیات کی شرکت متوقع ہے، یہ شادی انکی منگنی کے اعلان کے تقریباً 1سال بعد ہو رہی ہے جسے انہوں نے ایک رومانوی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کیساتھ شیئر کیا تھا۔




