طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل، پکتیا اور قندھار میں بمباری کے واقعات کی تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات تقریباً ایک بجکر 50منٹ پر کابل میں طالبان کے ایک فوجی مرکز کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا تاہم حملے کی نوعیت اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ پکتیا میں طالبان کے منصوری کور پر دو مرتبہ بمباری کی گئی ہے، اسی طرح قندھار میں بھی رات گئے فضائی سرگرمی دیکھی گئی۔
کچھ افغان میڈیا اداروں کا دعویٰ ہے کہ رات 12 بجے کے بعد قندھار کی فضائوں میں ایک پاکستانی طیارہ پرواز کرتا دیکھا گیا تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری ذریعے نے تصدیق یا تردید نہیں کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ خطے میں سکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔




