پاکستان نے فلسطینیوں کی نسل کشی ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی پر سختی سے عملدرآمد اور تعمیر نو کا مطالبہ کردیا۔
جدہ میں او آئی سی ایگزیکٹیو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں جاری جنگ بندی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی اقدامات امت مسلمہ کیلئے شدید تشویش کا باعث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی بحالی کیلئے اقدامات ضروری ہیں، وہاں جاری جنگ بندی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوںکی نسل کشی ،فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی آبادکاری قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے امن ، ترقی اور تعاون کیلئے او آئی سی کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں پائیدار جنگ بندی کیلئے برادر ملکوں کیساتھ رابطے میں ہے، پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے غزہ امن بورڈ میں فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اسرائیلی اقدامات کی واپسی یقینی بنائے جو عملاً الحاق کے مترادف ہیں۔




