وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ مادر وطن کے دفاع پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، عوام اور مسلح افواج ملکی سلامتی، خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
جمعہ کو جاری بیان میں وزیراعظم نے افغان جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلی تربیت اور موثر دفاعی حکمت عملی سے لیس افواج پاکستان چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں قومی جذبے کیساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، عوام اور مسلح افواج ملکی سلامتی، خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا تاہم ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، افواج کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔




