صدر مملکت آصف زرداری نے واضح کیا ہے کہ مسلح افواج دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان دباؤ یا دھمکی سے مرعوب ہوگا۔
جمعہ کو جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی باوقار قوم، دلیر مسلح افواج وطن کی سالمیت، سرحدوں کے تحفظ کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، ریاست پاکستان امن، استحکام اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے کہ پاکستان دباؤ یا دھمکی سے مرعوب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کی جوابی صلاحیت ہمہ گیر، بروقت اور فیصلہ کن ہے اور وہ دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں، ہم تصادم نہیں چاہتے، لیکن اگر کسی نے پاکستان کے امن کو کمزوری سمجھا تو اسے سخت جواب ملے گا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے احسان فراموش طالبان رجیم اپنے محسن پاکستان کیخلاف اپنے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے ذریعے پاکستان کے طول و عرض میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے، ہمارے تمام سفارتی اقدامات، برادر ممالک اس مجرم ٹولے کو راہ راست پر لانے میں ناکام ہوئے، اس مجرم اور بزدل ٹولے نے بین الا قوامی سرحد عبور کر کے پاکستان کی سالمیت کو للکارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر سفارتی ذرائع اختیار کئے اور برادر ممالک کی معاونت سے اس مجرم گروہ کو راہِ اعتدال پر لانے کی سنجیدہ کوشش کی، مگر کوئی مثبت پیش رفت نہ ہو سکی، میں نے آٹھ فروری کو اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد طالبان رجیم کو واضح اور سخت الفاظ میں متنبہ کیا تھا اور 5روز قبل 22 فروری کو بھی اسی ٹولے کو دوبارہ دوٹوک پیغام دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بخوبی علم ہے کہ تشدد کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور سرپرست کہاں بیٹھے ہیں، اگر خونریزی کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار عناصر ہماری رسائی سے باہر نہیں ہوں گے۔




