پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سنبل اقبال نے کہا ہے کہ میں نے کبھی شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا نہیں سوچا، میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ لوگ مجھے جانتے اور میرے کام کو سراہتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کے دوران انہوں نے کہا کہ میں نے جو بھی کام کیا، چاہے اچھا ہو یا برا، لوگوں نے اسے تسلیم کیا جس پر میں شکر گزار ہوں، یہی بات مجھے مزید کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے جس کام کیلئے آپ نے اپنی زندگی کا اتنا وقت دیا ہو، اسے اچانک چھوڑ دینا دانشمندی نہیں۔
انہوں نے مداحوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرا سب کیلئے پیغام ہے کہ جس کام سے آپ وابستہ ہوں، اسے کبھی نہ چھوڑیں۔
سنبل اقبال نے کہا کہ کم عمر میں شہرت ملنا ایک ناقابل یقین احساس تھا، اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، سچ کہوں تو ابتدا میں مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ میں مشہور ہو چکی ہوں، مجھے معلوم نہیں تھا کہ مداحوں کی توجہ کیسی ہوتی ہے۔
انہوں نے ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک بار کالج کے بعد یونیورسٹی میں داخلہ لینے گئی تو لوگ مجھے میرے کردار کے نام سے پکارنے لگے، لڑکے اور لڑکیاں ہنستے، تعریف کرتے اور میرے مکالمے دہراتے تھے، یونیورسٹی کی راہداریوں سے گزر کر صرف داخلہ فارم جمع کروانا بھی مشکل ہو گیا تھا، اندر سے خوشی تھی مگر روزانہ اتنی شہرت کیساتھ یونیورسٹی آنا میرے مشکل تھا، اسلئے میں نے اپنی تعلیم پرائیوٹ مکمل کی۔




