سندھ ہائیکورٹ نے سینٹری سب انسپکٹر کی تنخواہ روکنے کیخلاف کیس میں عدم حاضری پر ٹاؤن میونسپل کمشنر ناظم آباد اور ٹاؤن چیئرمین کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں کیس پر سماعت ہوئی۔
ٹاؤن میونسپل کمشنر ناظم آباد اور ٹاؤن چیئرمین عدالت حاضر نہ ہوئے جس پر جج نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
لطیف پاشا ایڈووکیٹ نے کہا کہ سب انسپکٹر عامر کو 2024ء سے تنخواہ نہیں دی جارہی، میونسپل کمشنر اور ٹاؤن چیئرمین عدالتی حکم کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔
عدالت نے دونوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی سنٹرل کو ہدایت کی کہ دونوں افسران کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے کہا کہ اگر پیش نہ کیا تو ایس ایس پی خود پیش ہو کر وضاحت کریں۔
بعد ازاں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔




