بیجنگ (شِنہوا) چین میں حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی بہار تہوار کی تعطیلات کے دوران چین کی ریلوے کے ذریعے 12 کروڑ 10 لاکھ سفری دورے ہوئے جو گزشتہ سال کی تعطیلات کے مقابلے میں 11.5 فیصد زیادہ ہیں۔
چائنہ سٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے اعداد و شمار کے مطابق تعطیلات کے آخری دن پیر کو ملک بھر کی ریلوے نے ایک کروڑ 87 لاکھ 30 ہزار سفری دورے نمٹائے، جو بہار تہوار کے سفری رش کے دوران ایک دن میں مسافر دوروں کی تعداد کا نیا ریکارڈ ہے۔
بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے روزانہ اوسطاً 12 ہزار 380 مسافر ٹرینیں چلائی گئیں جبکہ مقبول راستوں اور سیکشنز پر ایک ہی دن میں زیادہ سے زیادہ 2 ہزار 314 عارضی مسافر ٹرینیں بھی شامل کی گئیں۔ تعطیلات سے قبل اور بعد کے عروج کے دنوں میں بڑے روٹس پر روزانہ رات کے وقت چلنے والی ایک ہزار سے زائد تیز رفتار ٹرینیں بھی چلائی گئیں۔
تعطیلات کے دوران قومی ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے 8 کروڑ 53 لاکھ 80 ہزار ٹن مال برداری بھی ہوئی جبکہ روزانہ اوسطاً ایک لاکھ 57 ہزار مال بردار ڈبے لوڈ کئے گئے۔
بہار تہوار، جو نئے چینی سال کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس سال 17 فروری کو منایا گیا جبکہ سرکاری تعطیلات 15 فروری سے 23 فروری تک 9 دن جاری رہیں۔




