تہران/مسقط (شِنہوا) اومان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حماد بن حمود البوسعیدی نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جمعرات کو جنیوا میں منعقد ہوگا۔
اومان کے وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکہ-ایران مذاکرات اس جمعرات کو جنیوا میں ہوں گے جن میں معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے مثبت اضافی کوششیں شامل ہیں۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر جمعرات کو جنیوا میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف سے ملاقات کریں گے تاکہ تہران کی جانب سے تیار کئے جانے والے ممکنہ جوہری معاہدے کے مسودے پر بات چیت کی جا سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بات اتوار کو نشر ہونے والے سی بی ایس نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
عراقچی نے کہا کہ اگر امریکہ ایران کے ’’پرامن‘‘ جوہری پروگرام کا حل تلاش کرنا چاہتا ہے تو سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران ماضی میں یہ ثابت کر چکا ہے اور ان کے خیال میں اب بھی ایک سفارتی حل کا اچھا موقع موجود ہے جو باہمی فائدے پر مبنی ہو سکتا ہے۔
عراقچی نے کہا کہ حل دونوں فریقوں کی پہنچ میں ہے اور کسی فوجی اجتماع یا دباؤ کی ضرورت نہیں کیونکہ اس سے نہ تو عمل میں مدد ملے گی اور نہ ہی ایران پر دباؤ بڑھے گا۔




