واشنگٹن (شِنہوا) ایران پر ممکنہ امریکی فوجی حملے کے خدشات کے پیش نظر قطر اور بحرین میں قائم امریکی اڈوں سے سینکڑوں امریکی فوجیوں کو نکال لیا گیا ہے۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں پینٹاگون کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ قطر کے العدید اڈے اور بحرین میں قائم کئی امریکی اڈوں سے انخلا کیا گیا ہے جہاں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا تعینات ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ ایران کو جوہری معاہدہ قبول کرنے پر آمادہ کرنے کے لئے محدود فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں۔
اسی روز ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ممکنہ جوہری معاہدے کا ایرانی مسودہ آئندہ 2 سے 3 دن میں تیار ہو جائے گا اور اس کے بعد دونوں فریقوں کو اچھے اور مثبت نتیجے کی جانب پیش رفت شروع کرنے سے پہلے ممکنہ طور پر مذاکرات کے مزید ایک دور کی ضرورت ہوگی۔
ایم ایس این بی سی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں عراقچی نے کہا کہ ایران جنگ اور امن دونوں کے لئے تیار ہے۔
جمعرات کے روز ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے پاس اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے معاہدہ کرنے کے لئے 10 سے 15 دن ہیں ورنہ "انتہائی برے نتائج” سامنے آئیں گے۔




