جرمنی کی ایک اے آئی ویڈیو پروڈکشن کمپنی دی ڈور برادرز نے ایک سائنس فکشن شارٹ فلم کا ٹریلر ریلیز کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فلم کو اے آئی کی مدد سے صرف ایک دن میں تیار کیا گیا ہے۔
دی ڈور برادرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی نئی سائنس فکشن فلم کا 3منٹ کا ٹیزر شیئر کیا ہے اور کیپشن میں لکھا ہے ہم نے 200ملین ڈالر (تقریباً 60ارب روپے) کے بجٹ جیسی فلم کو اے آئی کی مدد سے صرف 1دن میں تیار کر لیا ہے، اس سائنس فکشن شارٹ فلم کا ٹریلر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، دی ڈور برادرز کے دعوے نے نہ صرف انٹرٹینمنٹ انڈسٹری بلکہ ہالی ووڈ کے فلم پروڈیوسرز اور ڈیجیٹل کری ایٹرز میں بھی بحث چھیڑ دی ہے، شارٹ فلم کوسٹوڈیو نے اپنیڈور لیبز پلیٹ فارم کے ٹولز استعمال کرتے ہوئے بنایا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل فلم کے ٹریلر میں سنیماٹک کیمرہ موشن اور بڑے شہر کے مناظر جیسے عناصر شامل کئے گئے ہیں، اس طرح کے مناظر کو فلموں میں شامل کرنے کیلئے عموماً مہینوں کی محنت اور سینکڑوں ویژیول ایفیکٹس آرٹسٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔
صارفین کی جانب سے فلم کے وائرل ویڈیو کلپ پر ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے کچھ نے اے آئی کی مدد سے بنائی گئی ویڈیو کے حقیقت کے قریب تر ہونے پر تعریف کی ہے جبکہ کچھ صارفین نے غیر حقیقی طبیعت، کردار کی گہرائی میں کمی اور کہانی میں جان نہ ہونے جیسے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔




