پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ساتھی اداکار اور دوست کو ان کے کیریئر کیلئے ایک اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمایوں سعید کو اب رومانوی کردار کے بجائے منفی اور ایکشن سے بھرپور کرداروں کی طرف جانا چاہئے تاکہ ناظرین انہیں ایک بالکل نئے انداز میں دیکھ سکیں۔
ماہرہ خان نے آنیوالی فلم آگ لگے بستی کی پروموشنز کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا میرا خیال ہے ہمایوں کو اب منفی کردار کرنے چاہئیں، انہیں کسی ولن یا نوری نتھ جیسے ایکشن کردار میں دیکھنا چاہونگی جہاں وہ اپنا بالکل مختلف پہلو دکھا سکیں، وہ ایکشن پر مبنی کرداروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اسی پروگرام میں موجود اداکار فہد مصطفی نے کہا کہ مجھے خود ایکشن کردار کرنا پسند ہیں مگر پاکستان میں فلموں کیلئے درکار جدید سہولیات کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے، فلم آگ لگے بستی میں کی شوٹنگ کے دوران ایک ایکشن سین کرتے ہوئے ان کی انگلی فریکچر بھی ہوگئی تھی۔




