یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں وزیراعظم شہباز شریف سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن بینجمن بلیک نے ملاقات کی ہے اس موقع پر ڈی ایف سی کے سربراہ سرمایہ کاری کونر کولمین اور ایجنسی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی۔
وزیراعظم نے معاشی شراکت داری بڑھانے اور نجی اداروں کے مشترکہ منصوبے متحرک کرنے پر ڈی ایف سی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایف سی توانائی، کان کنی و معدنیات، زراعت اور آئی ٹی منصوبوں کیلئے فنانسنگ بڑھائے۔
وزیراعظم نے ڈی ایف سی کے 1 بلین ڈالرز سے زائد کے پورٹ فولیو کو سراہا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کی اقتصادی ترجیحات کے درمیان ہم آہنگی پر روشنی ڈالی گئی جبکہ ڈی ایف سی کو اپریل میں اسلام آباد میں معدنیات کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
بینجمن بلیک نے وزیراعظم کو ڈی ایف سی کے اسٹریٹجک اقدامات، ترجیحات اور پاکستان میں متوقع پراجیکٹس سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔




