وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی انصاف کے فروغ، انسانی حقوق کے تحفظ و پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے عالمی کوششوں کی مکمل حمایت و تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے، پسماندہ طبقات کی معاونت کرنے اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
سماجی انصاف کے عالمی دن پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور عالمی برادری بھرپور انداز میں اس مثبت معاشرتی پہلو کے ساتھ اپنی وابستگی اور اس کے فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے، اس سال یہ عالمی دن شمولیت کو بااختیار بنانا سماجی انصاف میں حائل خلیج کو ختم کرنا کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ موضوع اس تصور کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ حکومتی سطح پر جامع پالیسی سازی اور انفرادی سطح پر تمام اکائیوں کی بامعنی شمولیت ہی مضبوط سماجی تحفظ کے نظام کی ضامن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سماجی انصاف محض ایک خواہش نہیں بلکہ ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے، حکومت پر عزم ہے کہ معاشرتی اساس ایسی مثبت اقداد پر استوار کی جائیں جو حقوق کی عوامی آگاہی، انتظامی سطح پر اس کا مکمل ادراک اور اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سماجی انصاف اور معاشرتی عدل اس بات کا متقاضی ہے کہ ہر شہری کو بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب و عقائد، مساوی شہری مواقع اور باوقار زندگی گزارنے کے یکساں وسائل میسر ہوں۔
اسی احساس ذمہ داری میں پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار عالمی رکن کی حیثیت سے سماجی انصاف کے فروغ، انسانی حقوق کے تحفظ اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے عالمی کوششوں کی ہرممکن تعاون اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ آئین پاکستان میں درج بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے بھی کوشاں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان غربت کے خاتمے، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور سب کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے مختلف پروگرامز پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے، پسماندہ طبقات کی معاونت کرنے اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے کیلئے پالیسی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسی تناظر میں اڑان پاکستان، قومی اقتصادی تبدیلی منصوبہ 2024-29 اور نوجوانوں کیلئے ہنر اور تعلیمی مواقع کے خصوصی پروگرامز حکومت کی جانب سے اہم اقدامات ہیں۔
وزیراعظم نے اس اہم دن کے موقع پر تمام متعلقہ فریقین بشمول صوبائی حکومتوں ، سول سوسائٹی، سرکاری و نجی شعبوں، سماجی رہنماؤں اور شہریوں سے اپیل کی کہ آئیں باہمی تعاون سے اپنے معاشرے میں سماجی عدل و انصاف، اتحاد و یگانگت، ایثار و رواداری جیسی مثبت اقداروں کے فروغ کیلئے کام کریں تاکہ معاشرتی امتیاز اور ناہمواریوں کی ہر شکل کا خاتمہ کیا جاسکے۔




