لاہور ہائی کورٹ نے خسرہ ہلاکتوں کیس میں پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں موجود وینٹی لیٹر کی تفصیلات طلب کرلیں۔
جمعہ کو جسٹس اویس خالد نے خسرہ سے ہونیوالی ہلاکتوں بارے کیس پر سماعت کی۔
جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے، ڈی جی موذی امراض پنجاب نے ابتدائی رپورٹ عدالت پیش کی۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ماضی میں خسرے، ڈینگی سے متعدد لوگ ہلاک ہوئے جبکہ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر موجود نہ ہونے سے بھی بے تحاشا اموات ہوئیں، اگر بنیادی سہولیات موجود ہوتیں تو اموات سے بچا جا سکتا تھا، عدالت خسرے سے ہونے والی اموات کی تحقیقات کا حکم دے۔
عدالت نے پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 27فروری تک ملتوی کر دی۔




