صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے یہ بات سب یاد رکھیں کہ عدم اعتماد صرف میں لاسکتا ہوں اور یہ مت بھولیں کہ عدم اعتماد لانا اور پھر کامیاب کرانا بھی میں ہی جانتا ہوں۔
پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ہمیں وزارتوں اور اختیارات کی بجائے خدمت کی سیاست کرنا ہوگی، پیپلزپارٹی کا مفاد پاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، میں نے صدر بن کر پاکستان کی سپورٹ کی، پاکستان کیساتھ کھڑا رہا، وزارتیں اسلئے ہم نے نہیں لیں کہ ہم پارٹی کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ میں نے جیل میں کبھی ہڑتال کی کال نہ دی تھی، مجھے بہت سوں نے بہت کچھ کہا مگر صبر اور تحمل سے کام لیا، پنجاب میں بدقسمتی سے گروپنگ اور کوتاہیاں ہماری کمزوری کا نتیجہ ہیں، ہم نے انکو ختم کر کے پارٹی کو مضبوط بنانا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پنجاب میں پارٹی کی مضبوطی کیلئے بہت کام کیا، گورنر ہاؤس کو آپ سب کیلئے کھول دیا، ہر وقت آپ کیلئے دستیاب رہتے ہیں، میں اپنے کاموں کی وجہ سے نواب شاہ سے جیتا ہوں، سب کو عوامی خدمت پر فوکس کرنا ہوگا پھر مضبوط ہونگے، عوام کے بغیر آپ کسی کام کے نہیں، عوام سے تعلق جوڑے رکھنا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بھٹو پاکستان کو ایٹمی طاقت نہ بناتے تو آج ہماری نیپال سے بھی بری حالت ہوتی، اب تک سندھ میں سوا چار ہزار نہروں کو پختہ کیا جا چکا ہے، پندرہ برسوں میں پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کئی پل بنا چکے ہیں۔




