پاکستان سپر لیگ میں شامل ہونیوالی نئی فرنچائز سیالکوٹ سٹالینز کے حوالے سے تنازعات منظر عام پر آگئے ہیں جس سے پی ایس ایل سیزن 11کے آغاز سے قبل ہی ہنڈیابیچ چورا ہے پھوٹ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فرنچائز کے 76فیصد شیئرز کا قانونی مالک ہونے کے دعویدار محمد شاہد نے الزام عائد کیا ہے کہ حمزہ مجید فرنچائز کے شیئر بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں، انکو مزید شیئرز بیچنے کا حق نہیں، پی سی بی کو معاملات سے آگاہ کر دیا ہے۔
آسٹریلیا میں مقیم بزنس مین محمد شاہد نے جاری ویڈیو بیان میں دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیالکوٹ سٹالینز کے 76فیصد شیئرز کے مالک ہیں تاہم 24 فیصد شیئرز کے حامل حمزہ مجید مبینہ طور پر زیادہ پیسوں کے لالچ میں مزید لوگوں کو مہنگے داموں میرے حصے کے شیئرز بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں، 27سال بعد پاکستان آیا ہوں اور بھاری سرمایہ کاری کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں لیکن یہ سمجھتا ہوں کہ میرے ساتھ معاملات کو درست طریقے سے نہیں چلایا جا رہا، حمزہ مجید کی سرگرمیوں کا میرے وکلا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر بھرپور قانونی چارہ جوئی کی جائیگی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔




