وزیراعظم شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کیلئے سابق چیف جسٹس مصطفی مغل کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی سمری پر وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین کشمیر کونسل نے دستخط کر دیئے ہیں جس کے بعد سمری وزارتِ امورِ کشمیر کے ذریعے صدر آزاد کشمیر کے دفتر ارسال کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق 25دسمبر 1955ء کو مظفرآباد کے گائوں بلگران میں پیدا ہونیوالے جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے طویل عدالتی خدمات انجام دی ہیں، وہ 30جنوری 2002 کو آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے، 4جنوری 2010ء کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنے اور 30مارچ 2017 کو آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔
انہوں نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اہم اور تاریخی فیصلوں کے ذریعے عدلیہ میں نمایاں پہچان حاصل کی۔
18فروری 2016ء میں انہیں آزاد کشمیر کا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا، جہاں ان کی زیر نگرانی شفاف و غیرجانبدار انتخابات کرائے گئے۔
غلام مصطفی مغل نے عدالتی اصلاحات، انصاف تک عوامی رسائی اور وکلا و عدلیہ کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔




