پاکستان اور بنگلہ دیش نے عوامی روابط و اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں قائد حزبِ اختلاف سے نہایت خوشگوار و بامعنی ملاقات ہوئی جس میں باہمی احترام، علاقائی ہم آہنگی اور سماجی و معاشی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق دونوں ممالک نے عوامی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی نیک تمناؤں کے ساتھ قائد حزبِ اختلاف کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اس ملاقات نے میرے طالبعلمی کے دنوں کی یاد تازہ کر دی جب میں یو ای ٹی لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ تھا اور طلبہ سیاست میں سرگرم کردار ادا کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دور سیکھنے، مکالمے اور خدمت عامہ کے شعور کی تشکیل کا اہم مرحلہ تھا۔
انہوں نے بنگلہ دیشی عوام کی محبت و گرم جوشی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور باہمی تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے جو خطے میں استحکام و خوشحالی کا باعث بنیں گے۔




