بدھ, فروری 18, 2026
پاکستاننیا چینی سال، صدر مملکت کی چینی عوام، حکومت و قیادت کو...

نیا چینی سال، صدر مملکت کی چینی عوام، حکومت و قیادت کو مبارکباد

صدر مملکت آصف زرداری نے نئے چینی سال پر چینی عوام، حکومت اور قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات باہمی احترام، اعتماد، مشترک وژن کی بنیاد پر تذویراتی شراکتی تعاون پر مبنی ہیں، دوستی بدلتے عالمی حالات میں بھی مضبوط رہی ہے، پاکستان ون چائنا پالیسی، چین مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتا ہے، باہمی خوشحالی کیلئے سی پیک کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لئے پرعزم ہیں۔

نئے چینی سال 2026ء کے آغاز پر جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ نیا چینی سال گھوڑے سے منسوب ہے جو خوش بختی اور روایتی طور پر توانائی، ترقی اور ثابت قدمی کی علامت سمجھا جاتا ہے، یہ خوبیاں نئی شروعات اور آگے بڑھنے کے اس جذبے کو ظاہر کرتی ہیں جو اس تہوار کی پہچان ہے اور یہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کی عکاسی بھی کرتی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ سال 2026ء دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی ہے جو 1951میں قائم ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ 7دہائیوں سے زائد عرصے میں پاکستان اور چین نے باہمی احترام، اعتماد اور ایک مشترک وژن کی بنیاد پر ہر موسم کے تذویراتی شراکتی تعاون پر مبنی تعلقات قائم کئے ہیں، یہ فولادی دوستی بدلتے عالمی حالات میں بھی مضبوط رہی ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی آزمودہ دوستی کی جڑیں تاریخ میں موجود ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو وہ آخری عالمی رہنماء تھے جنہوں نے چیئرمین ما زے دونگ سے ملاقات کی، یہ لمحہ اس اعتماد اور تذویراتی دانشمندی کی علامت تھا جو آج تک ہمارے تعلقات کی رہنمائی کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کے امور پر حمایت کی ہے، پاکستان مستقل طور پر ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا رہا ہے جبکہ چین نے بھی اصولی موقف کیساتھ پاکستان کی حمایت کی جس میں مسئلہ جموں و کشمیر بھی شامل ہے اور اس کے پرامن حل پر زور دیا ہے جو اقوامِ متحدہ کے منشور اور متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ چین کیساتھ تعلقات کو ترجیح دی ہے اور اس سے باہمی اعتماد اور طویل مدتی تعاون مزید مضبوط ہوا۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ کی دور اندیش قیادت میں چین امن، ترقی اور کثیر جہتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، ان کی قیادت نے پاک چین دوستی کو مزید مضبوط کیا ہے اور مشترکہ ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کو فروغ دیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امور میں چین کے مثبت اور تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے بانی رکن کے طور پر اس کی حیثیت بھی شامل ہے، چین کے وژن اور مسلسل کوششوں سے ایس سی او کو مکالمے، مشترکہ سلامتی اور معاشی تعاون کے موثر پلیٹ فارم کے طور پر مضبوط بنانے میں مدد ملی ہے جس سے خطے میں استحکام اور یوریشیا میں روابط کو فروغ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں بھی قریبی تعاون موجود ہے جس نے خطے میں امن اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے، یہ شراکت داری ہمارے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور ایک محفوظ اور مستحکم علاقائی ماحول کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ فریم ورک کے تحت ایک اہم منصوبہ ہے جو بنیادی ڈھانچے کی ترقی، صنعتی فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان روابط کو آگے بڑھا رہا ہے، اب سی پیک اپنے اگلے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور پاکستان باہمی خوشحالی کے لئے اس کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ 2008ء سے 2013ء تک اپنے پہلے صدارتی دور میں مجھے متعدد بار چین کا دورہ کرنے کا موقع ملا جبکہ گزشتہ سال بھی چین کے 2دورے کئے جس سے امن اور تعاون کے لئے ہمارے مشترکہ عزم کی توثیق ہوئی، ان دوروں نے ہمارے باہمی تزویراتی اعتماد کو مزید مضبوط کیا اور معیشت، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کئے۔

انہوں نے کہا کہ میں مستقبل قریب میں دوبارہ چین کا دورہ کرنے کا خواہاں ہوں تاکہ اس مثبت پیشرفت کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ جیسا کہ میں کئی مواقع پر کہہ چکا ہوں ،پاکستان اور چین آزمودہ اور فولادی بھائی ہیں جو خوشیوں اور مشکل وقت دونوں میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، خلوص اور باہمی حمایت پر مبنی یہ تعلق دونوں قوموں کیلئے طاقت کا ذریعہ ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ چینی نئے سال کے اس مبارک موقع پر میں چینی عوام کے لئے صحت، خوشی اور مسلسل کامیابی کی دعا کرتا ہوں۔

دعا ہے گھوڑے سے منسوب یہ سال ہماری دونوں قوموں کو تجارت، جدت، امن اور عوامی روابط میں مزید کامیابیوں کی طرف لے کر جائے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!