سینئر پاکستانی مصنف، فلمساز اور پروڈیوسر ناصر ادیب نے کہا ہے کہ میں اداکار شان شاہد کے رویہ پر خاموش نہیں رہوں گا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ایک وی لاگ میں ناصر ادیب نے کہا کہ میں معاف کرنے پر یقین رکھتا ہوں لیکن جب ناانصافی ظلم میں بدل جائے تو ظالم کیخلاف اعلانِ جنگ کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا اب وقت آ گیا ہے کہ شان شاہد کیخلاف اعلانِ جنگ کیا جائے جنہوں نے پریس کے سامنے میری تضحیک کی اور ایک لکھاری کی بے عزتی کی، فلم بلہ کی پریس کانفرنس میں ذاتی مصروفیات کے باعث شریک نہیں ہوا تھا اور پہلے ہی پروڈیوسر کو آگاہ کر دیا تھا کہ میں پریمیئر میں شرکت کروں گا، میں اپنی پوڈکاسٹ میں حقائق بیان کرتا ہوں اور کبھی کسی پر جھوٹے الزامات نہیں لگاتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں فلم کے ہدایتکار کو شان شاہد کو کاسٹ کرنے سے روکا تھا کیونکہ وہ سیٹ پر تاخیر سے آتے ہیں، مداخلت کرتے ہیں اور کام کرنا مشکل بنا دیتے ہیں، شان شاہد نے بھارت میں کام نہ کرنے کے بیان پر داد سمیٹی حالانکہ وہ کام کرنے کیلئے تیار تھے مگر مبینہ طور پر 4کروڑ بھارتی روپے معاوضہ طلب کیا جو قبول نہیں کیا گیا۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اچھی کہانی اور مضبوط لکھاری کے بغیر ہٹ فلم بنا کر دکھائیں۔
دوسری جانب شان شاہد کی جانب سے تاحال اس بیان پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔




