اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی(انروا) کے6 کارکن گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
انتونیوگوتریس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ایک اسکول پر اسرائیلی فضائی حملوں میں انروا کی ٹیم کے 6ارکان بھی مارے گئے،اسکول میں 12ہزارکے قریب فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ بین الاقوامی امدادی قانون کی یہ خوفناک خلاف ورزیاں اب بند ہونے کی ضرورت ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 18 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
