جمعرات, فروری 12, 2026
پاکستانسپریم کورٹ عمران خان کو آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی، بچوں...

سپریم کورٹ عمران خان کو آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی، بچوں سے رابطے کیلئے سہولیات فراہمی کا حکم

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی، بچوں سے رابطے کیلئے سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی حکومتی تحویل میں ہیں، بالکل نہیں کہیں گے بانی کو دیگر قیدیوں کے مقابلے میں نمایاں سہولیات دی جائیں، سب کیساتھ یکساں سلوک ہونا چاہئے۔

جمعرات کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت بارے درخواست پر سماعت کی۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور بیرسٹر سلمان صفدر سپریم کورٹ پہنچے۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو روسٹرم پر بلا کر کہا کہ فرینڈ آف دی کورٹ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹس ایک جیسی ہیں، رپورٹ کا پیراگراف نمبر 21 پڑھیں۔

عدالت میں پڑھی گئی رپورٹ کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیل میں حفاظتی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات اور دستیاب کھانوں کی سہولیات پر اظہار اطمینان کیا ہے جبکہ طبی سہولیات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ماہر آنکھوں کے ڈاکٹروں تک رسائی کی درخواست کی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ صحت کا مسئلہ سب سے اہم ہے، معاملے پر مداخلت کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں حکومت کا موقف جاننا چاہتے ہیں، صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

دوران سماعت فرینڈ آف دی کورٹ سلمان صفدر نے استدعاء کی کہ کسی فیملی ممبر کی موجودگی میں ماہر آنکھوں کے ڈاکٹروں کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت سٹیٹ کسٹڈی میں ہیں ان سمیت تمام قیدیوں کو یکساں طبی سہولیات ملنی چاہئیں، ہم یہ بالکل بھی نہیں کہیں گے کہ بانی پی ٹی آئی کو دیگر قیدیوں کے مقابلے میں نمایاں سہولیات دی جائیں، سب کیساتھ یکساں سلوک ہونا چاہئے۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ہم ماہر آنکھوں کے ڈاکٹروں تک رسائی دینے کیلئے تیار ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت اچھے موڈ میں ہے، بانی پی ٹی آئی کو ان کے بچوں کیساتھ ٹیلیفونک رابطے کی سہولت بھی ملنی چاہئے۔

سلمان صفدر نے استدعاء کی کہ بانی پی ٹی آئی کو مزید کتابیں فراہم کی جائیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کتابیں پڑھنے کیلئے فراہم کرنے کی رائے اس لئے نہیں دے رہے کیونکہ ان کی آنکھوں کا مسئلہ ہے، اگر ڈاکٹرز اجازت دیں تو کتابیں فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے بانی پی ٹی آئی کو ماہرین تک رسائی اور بچوں سے ٹیلیفونک رابطوں کی سہولیات دی جائیں، جس پر اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ 16فروری تک آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں تک رسائی اور بچوں سے ٹیلیفونک رابطوں کی سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔ بعد ازاں کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔

قبل ازیں جیل میں بانی پی ٹی آئی کو دستیاب سہولیات پر جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے ذاتی ڈاکٹروں فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف سے معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کسی اور ماہر ڈاکٹر سے کرانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے فرینڈ آف دی کورٹ کو بتایا وہ 2سال 4ماہ سے قید ہیں، اکتوبر 2025ء تک ان کی نظر 6/6 تھی، بعد میں دائیں آنکھ میں نظر دھندلانا شروع ہوئی اور پھر کم نظر آنا شروع ہوگیا، بانی پی ٹی آئی کے مطابق انہیں بلڈ کلاٹ بتایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی ایک آنکھ کے کم دکھنے کے مسئلے پر کافی پریشان دکھائی دیئے، فرینڈ آف دی کورٹ کیساتھ ملاقات کے دوران بھی بانی پی کی آنکھوں سے مسلسل پانی نکلتا رہا جسے وہ ٹشو پیپر سے صاف کرتے رہے۔

فرینڈ آف دی کورٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل میں مچھر اور کیڑے مارنے کے فوری و موثر اقدامات کیے جائیں نیز سیل میں خوراک کو محفوظ بنانے کیلئے ایک ریفریجریٹر فراہم کیا جائے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ بنیادی اور ضروری اقدامات ہیں جو انسان کے رہنے کیلئے ضروری ہیں، جن پر لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جانا چاہئے۔

رپورٹ میں عمران خان کو قید تنہائی اور ٹی وی تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے کتابیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے فرینڈ آف دی کورٹ کی ذمہ داری نبھانے پر بیرسٹر سلمان صفدر کی تعریف کی اور بہترین سہولیات فراہمی پر حکومت کو سراہا۔

اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ مجھے 100سے زائد کالز اور میسجز آئے، جن میں میری اہلیہ بھی تھی، میں نے کہا یہ عدالت کی امانت ہیں، نہیں بتا سکتا۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!