امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ دفاع کو کوئلے سے پیدا ہونیوالی بجلی خریدنے کا حکم دیدیا ہے، اس اقدام کا مقصد امریکا میں کوئلے کی صنعت کو سہارا دینا ہے جبکہ یہ ایندھن مہنگا اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث سمجھا جاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق جاری کیے گئے صدارتی حکمنامے میں ٹرمپ نے پینٹاگون کو ہدایت کی کہ وہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کیساتھ طویل المدتی معاہدے کرے اور کوئلے پر مبنی توانائی کے اثاثوں کو محفوظ رکھا جائے۔
حکمنامے میں بجلی کی مقدار یا مالی شرائط کی وضاحت نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں کوئلے کی صنعت سے وابستہ افراد سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ کوئلہ گھروں کو گرم، فیکٹریوں کو چلانے اور امریکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا ہے کہ محکمہ توانائی شمالی کیرولائنا، اوہائیو، ویسٹ ورجینیا، کینٹکی اور ورجینیا میں واقع چھ کوئلہ بجلی گھروں کی بہتری کیلئے 175ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا۔




