جمعرات, فروری 12, 2026
پاکستانوزیراعظم کا ہر قسم کی انتہاء پسندی کیخلاف جدوجہد جاری رکھنے کے...

وزیراعظم کا ہر قسم کی انتہاء پسندی کیخلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے ہر قسم کی انتہاء پسندی کیخلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہاء پسندی امن و انسانی اقدار کیلئے خطرہ ہے، کشمیر و فلسطین کے تنازعات انہی رویوں کے عکاس ہیں، نوجوانوں کو تعلیم اور مواقع دے کر انتہاپسندی سے بچایا جا سکتا ہے، عالمی برادری دیرینہ تنازعات کے منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کرے۔

تشدد پر مبنی انتہاء پسندی کی روک تھام کے عالمی دن پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ انتہاء پسندی اور تشدد کے نظریات نہ صرف معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ یہ انسانیت، برداشت، رواداری اور باہمی احترام جیسی بنیادی انسانی اقدار کو بھی کمزور کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں میں دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کیخلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں، ہمارے بہادر سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیاں ہمارے قومی عزم کی روشن مثال اور باعث فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے جو اعتدال، رواداری، مکالمے اور انسانی جان کے احترام کا درس دیتا ہے، ہمیں نوجوان نسل کو تعلیم، مواقع اور مثبت سوچ فراہم کر کے انہیں انتہاء پسندانہ نظریات سے محفوظ بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف، معاشی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں، اس تناظر میں پاکستان اس امر پر بھی زور دیتا ہے کہ دنیا میں جاری ناانصافیاں، طویل تنازعات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں انتہاء پسندی اور تشدد کو جنم دیتی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منظر نامہ پر طویل حل طلب تنازعات بشمول مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں معصوم شہریوں کے خلاف ریاستی ظلم و جبر اور بنیادی حقوق کی پامالی بھی انتہا پسندانہ رویہ کی عکاس ہے، پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ ان دیرینہ تنازعات کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے موثر اقدامات کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ عالمی برادری کیساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی، تعاون اور شراکت داری کے ذریعے ہر قسم کی انتہاء پسندی، دہشت گردی، نفرت و عفریت اور تشدد آمیز نظریات کے خلاف اپنی قومی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئیے سب مل کر پرامن، محفوظ اور ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کا عہد کریں۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!