بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں تشدد یا ووٹرز پر دباؤ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کی جائیگی۔
عام انتخابات سے قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر قبضے یا ووٹنگ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف ریاست سخت کارروائی کریگی، محمد یونس نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے اور منگھڑت مواد کے ذریعے بدامنی پھیلانے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ عبوری حکومت کا اقتدار منتقل نہ کرنے کا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، انتخابات کے فوری بعد اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کر دیا جائیگا۔
انکا کہنا تھا کہ انتخابات کا دن بنگلہ دیش کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، قوم 2 ووٹ ڈالے گی، ایک ووٹ نئی حکومت کیلئے اور دوسرا بنگلہ دیش کے مستقبل کے ریفرنڈم کیلئے ہوگا، انتخابات کیلئے 51 جماعتیں اور 2 ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔
بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کا مزید کہنا تھا کہ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پہلی بار سی سی ٹی وی کیمروں، باڈی کیمروں اور ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا، اداروں کو امن برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اختیارات تفویض کیے ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش 12 فروری 2026 کو عام انتخابات کی طرف جا رہا ہے، جنہیں ملک کی 55 سالہ تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں شمار کیا جا رہا ہے، یہ انتخابات اگست 2024 میں وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ہو رہے ہیں۔




