بھارتی پروپیگنڈا فلم دھریندر کی کامیابی کے بعد معروف اداکار رنویر سنگھ ایک اور مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکار کو واٹس ایپ پر ایک وائس نوٹ بھیجا گیا ہے جس میں ان سے کروڑوں روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور بھیجنے والے نے خود کو لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک قرار دیا ہے، دھمکی آمیز وائس مسیج کے بعد رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی ممبئی میں واقع رہائشگاہ کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے کامیاب جوڑے نے فوری طور پر پولیس حکام کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے اور حکام نے معاملے پر تفتیش شروع کردی ہے، دھمکی آمیز پیغام بھیجنے والے نامعلوم ملزم کی شناخت کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے، اس حوالے سے بتایا گیا کہ رنویر سنگھ کو بھیجے گئے وائس مسیج میں دھمکی کیساتھ ایک بڑی رقم کا مطالبہ کیا گیا ہے اسی لئے انہوں نے ممبئی پولیس کو بروقت آگاہ کردیا جس کے بعد انکی رہائشگاہ کے باہر مسلح سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
ممبئی پولیس نے کہاہے کہ رنویر سنگھ کو دھمکی آمیز پیغام ملنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے، دھمکی میں ممبئی کے علاقے پر ابھادیوی میں بیو مونڈے عمارت کا حوالہ دیا گیا ہے جہاں اداکار کی رہائشگاہ ہے۔




