شین زین (شِنہوا) چین کا جنوبی ٹیکنالوجی مرکز شین زین، جو ڈرون بنانے والی عالمی سطح کی معروف کمپنی ڈی جے آئی کا مسکن ہے، اب تک مجموعی طور پر 310 کم بلندی والے لاجسٹک روٹس کھول چکا ہے۔ بلدیاتی عوامی کانگریس کے جاری سالانہ اجلاس کے مطابق ان میں سے 82 نئے روٹس کا اضافہ سال 2025 میں کیا گیا تھا۔
اجلاس کے دوران جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ شین زین نے اب تک کم بلندی کے ٹیک آف اور لینڈنگ کی ایک ہزار 200 سے زائد سہولیات تعمیر کر لی ہیں کیونکہ شہر اپنی کم بلندی والی معیشت کی ترقی کو تیز کر رہا ہے۔
گوانگ ڈونگ صوبے کا یہ شہر اب بغیر پائلٹ کی فضائی گاڑیوں کے لئے ایک معروف پیداواری مرکز بن چکا ہے جو چین کے 70 فیصد صارف ڈرونز اور 50 فیصد صنعتی ڈرونز تیار کرتا ہے۔
شین زین کے اس شعبے میں وسعت کی بڑی وجہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی اختراع میں شہر کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری ہے۔ 2020 سے 2024 تک شین زین کی تحقیق اور ترقی میں مجموعی سرمایہ کاری 151.08 ارب یوآن (تقریباً 21.73 ارب امریکی ڈالر) سے بڑھ کر 245.31 ارب یوآن تک پہنچ گئی ہے جو کہ 12.9 فیصد اوسط سالانہ شرح نمو ظاہر کرتی ہے۔
چین کی کم بلندی والی معیشت نے 2024 کے حکومتی ورک رپورٹ میں نمو کے نئے محرک کے طور پر تسلیم کئے جانے کے بعد نمایاں رفتار حاصل کی ہے۔
چین کی شہری ہوابازی انتظامیہ نے پیش گوئی کی ہے کہ گزشتہ سال ملک کی کم بلندی والی معیشت کی مارکیٹ کا حجم 15 کھرب یوآن تک پہنچ گیا تھا اور 2035 تک یہ بڑھ کر 35 کھرب یوآن تک پہنچ جائے گا۔




