وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی میں بھارت ملوث، افغانستان ذریعہ ہے، قوم متحد ہو کر دہشت گردوں کو شکست دے گی، شہدا و زخمیوں کے خاندانوں کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان جلد کیا جائے گا، سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے، انشا اللہ تمام مشکلات پر جلد قابو پائیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے سینکڑوں واقعات ہوئے ہیں، اس دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے جبکہ افغانستان اس کا ذریعہ بنا ہوا ہے، ہم انشا اللہ ان تمام مشکلات پر ضرور قابو پائیں گے، میرا ایمان ہے ہم دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس جنگ میں ہماری افواج، پیرا ملٹری فورسز سمیت عوام قربانیاں دے رہے ہیں، پوری قوم کو سیاسی اختلافات بھلا کر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں شہید و زخمی افراد کے خاندانوں کیلئے حکومت جلد امدادی پیکیج کا اعلان کرے گی، اسلام آباد کے افسوسناک واقعے میں زخمی افراد کی بہت بڑی تعداد ہے، خود کو مسلمان کہنے والوں کے ہاتھوں عبادتگاہیں تک محفوظ نہیں ،یہ کیسے لوگ ہیں؟ کون ان لوگوں کو مسلمان کہتا ہے؟، ایسے واقعات کیخلاف عوام کے اتحاد سے ہی لڑا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے، جب سیکیورٹی سخت کی جاتی ہے تو اس سے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوتا ہے، سڑکوں پر لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ امریکہ میں بھی دہشت گردی ہوتی ہے، آئے روز کسی یونیورسٹی یا مارکیٹ میں ایسے واقعات ہو رہے ہیں، یہ ایک فطری عمل ہے اس میں کوئی نہ کوئی بریچ ہو جاتی ہے۔




