پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کام کرگیا اور پاکستان کی ثابت قدمی نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ پاکستان سخت شرائط کے تحت بھارت کیخلاف میچ کھیلے گا اور پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کے حوالے سے اگلے 24 گھنٹے میں بڑا بریک تھرو ہوسکتا ہے، آئی سی سی خود گھٹنوں کے بل چل کر پاکستان کو منانے آگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے لاہور میں آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان مذاکرات پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہے، اس موقع پر آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے ورلڈکپ سے باہر کرنے کے بعد ازالے کیلئے فارمولہ بھی تیار کر لیا ہے، اس حوالے سے آئی سی سی اور بنگلادیشی بورڈ کے مابین تجاویز کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان مذاکرات میں باہمی رابطہ کار کے فرائض سرانجام دئیے، آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ مذاکرات کے بعد آئی سی سی بورڈ سے تجاویز کی حتمی منظوری لیں گے۔
دوسری جانب بنگلادیش بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی اپنی حکومت کو ڈھاکہ میں مذاکرات کے حوالے سے بریف کرینگے۔
باہمی فارمولے پر اتفاق کے بعد آئی سی سی اور بی سی بی میں دوبارہ رابطہ ہوگا۔




