لاہوریوں کیساتھ غیر ملکی سفارتکار اور شوبز انڈسٹری کے نامور ستارے بھی بسنت تہوار کے رنگ میں رنگ گئے ہیں، دہلی گیٹ لاہور میں منعقدہ بسنت کی تقریب میں کراچی اور بیرون ملک سے شوبز انڈسٹری کے نامور ستارے بھی شریک ہوئے۔
اداکار یاسر حسین، میکال ذوالفقار، عدیل اور محب مرزا، اداکارہ جگن کاظم، علی زرغون، فریال خان، گوہر اور آمنہ نے تقریب میں شرکت کی اور بسنت کی بحالی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اظہار تشکر کیا، اداکار عدیل اور اداکارہ آمنہ نے خود کو مریم نواز کا فین قرار دیا، میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ لاہور اور بسنت لازم و ملزوم ہیں اور یہ خوشی کی بات ہے کہ بسنت دوبارہ واپس آگئی ہے۔
عدیل نے کہا کہ بسنت کی بحالی کا پورا کریڈٹ وزیراعلیٰ مریم نواز کو جاتا ہے اور اس تہوار سے 350ملین روپے کا ریونیو اکٹھا ہوا ہے۔
اداکار یاسر حسین نے بسنت کے شاندار انعقاد پر عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور واقعی زندہ دلوں کا شہر ہے۔
اداکار محب مرزا کا کہنا تھا کہ لاہور کی سڑکوں پر ہر طرف بسنت کے رنگ اور رونقیں نظر آئیں جبکہ بسنت کی واپسی نے لاہور کو ایک بار پھر اپنے خوبصورت رنگوں کیساتھ جگا دیا ہے۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر بھی پیلے رنگ کی شرٹ پہن کر بسنت منانے دہلی گیٹ پہنچیں جہاں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے انکا استقبال کیا، اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر صہیب بھرت بھی انکے ہمراہ موجود تھے، تقریب میں امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری جان مارک، قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز، صدف سعد، پولیٹیکل آفیسر جان سکیری اور سعد سرفراز نے بھی شرکت کی۔
نیٹلی بیکر نے بسنت کی اجازت دینے پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا جبکہ انکی لاہور کے روایتی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔




