پاکستان اور کینیڈا نے دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت سفیر نبیل منیر، خصوصی سیکرٹری (اقوامِ متحدہ) نے کی جبکہ کینیڈین وفد کی نمائندگی سسٹنٹ ڈپٹی منسٹر (انڈو پیسفک) سفیر ویلڈن ایپ نے کی، اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان بھی موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کینیڈا کیساتھ اعلی سطحی روابط نے دوطرفہ شراکت داری کو سٹریٹجک سمت اور نئی رفتار دی ہے، دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مشاورت میں موجودہ معاہدوں کے موثر نفاذ اور نئے تعاون کے شعبوں میں شراکت داری پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری برادری کی معاونت اور تجارتی وفود کی سہولت کاری پر بھی زور دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق فریقین نے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور ایگری ٹیک، کان کنی و معدنیات، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، علاوہ ازیں مصنوعی ذہانت اور آئی سی ٹی میں تعاون، ہنرمند افرادی قوت، تعلیم و تحقیق اور سیاحت کے شعبوں میں شراکت داری پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کو کلیدی عنصر قرار دیا گیا اور نجی شعبے میں ابھرتے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک کے وفود نے عالمی اور علاقائی صورتحال سمیت اہم کثیرجہتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشاورت کا جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔




