وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجتہ الکبری میں خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعے میں شہید و زخمی ہونیوالوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائی انسانیت اور امن کے خلاف ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دھماکے میں ملوث عناصر کا فوری تعین کر کے انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، کسی کو شرپسندی و بدامنی پھیلانے نہیں دیں گے۔
وزیراعظم نے دھماکے میں زخمی ہونیوالوں کو فوری و بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر صحت مصطفی کمال کو اس حوالے سے ذاتی طور پر نگرانی کا حکم دیا۔




