امریکا اور برطانیہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اسرائیل کے سفر سے متعلق وارننگ جاری کردی ہے جبکہ متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔
امریکی سفارتخانے نے یروشلم سے جاری سکیورٹی الرٹ میں امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث اپنے سفری منصوبوں پر نظرثانی کریں اور ممکنہ رکاوٹوں کیلئے تیار رہیں۔
برطانوی دفتر خارجہ نے بھی اسرائیل کیلئے نئی سفری ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خطے میں کشیدگی میں اضافے سے سفری مسائل اور غیر متوقع حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
ادھر برطانیہ، بھارت، اٹلی، اسپین اور پولینڈ سمیت کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ آسٹریلیا نے بھی اپنے شہریوں کو ایران سے جلد روانہ ہونے کی ہدایت کی ہے۔
سکیورٹی صورتحال کے باعث برطانیہ نے تہران میں اپنا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کرتے ہوئے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق ایران میں زیر تعلیم درجنوں پاکستانی طلبہ بھی وطن واپس آ چکے ہیں، فضائی سفر پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
لوفتھانزا گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسرائیل کیلئے صرف دن کے اوقات میں پروازیں چلائیگا جبکہ ایرانی اور عراقی فضائی حدود سے گریز کیا جائیگا، بعض پروازوں کی منسوخی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
امریکی اور برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔




