جمعہ, فروری 6, 2026
پاکستانبسنت پنجاب کا ورثہ، 25 سال بعد لاہور کا آسمان پتنگوں سے...

بسنت پنجاب کا ورثہ، 25 سال بعد لاہور کا آسمان پتنگوں سے سج گیا، مریم نواز

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بسنت پنجاب کا ورثہ، 25سال بعد لاہور کے آسمان پر پتنگوں سے سج گیا، شہری خوشیاں منائیں، حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کر کے ذمہ داری کا ثبوت دیں، دکاندار مہنگی پتنگیں، ڈور بیچ کر بچوں کی خوشیوں کی راہ میں حائل نہ ہوں، شہری بائیک کی بجائے مفت ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں۔

بسنت کے موقع پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے، ہمیں اپنی ثقافت پر ناز ہے، زندہ دلانِ لاہور ذمہ داری کیساتھ خوشیاں منائیں اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری بسنت کی خوشیاں منائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، پریشانیاں بھلا کر نیلے افق کی طرف بڑھتی ہوئی گڈی پر توجہ مرکوز کریں، آج لاہور میں پتنگیں نہیں خوشیاں اڑ رہی ہیں، خوشی کے ہر لمحے میں اپنے ارد گرد کے لوگوں کو بھی شریک کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہری بائیک کی بجائے ہر روٹ پر مفت ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں، عوام کے مفت آمد و رفت کیلئے 419بس تینوں دن میسر رہیں گی جبکہ عوام کو 60ہزار سے زائد فری رائیڈز دیں گے، اورنج لائن ٹرین کی 25سیٹیں مسافروں کو مفت سفر کی سہولت مہیا کریں گی، میٹروبس، فیڈر بسیں، گرین بسیں بھی فری ٹریول کی سہولت مہیا کریں گی، 6ہزار یانگو رکشوں پر بھی رائیڈ فری ہوگی۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، بائیک اور موٹرسائیکل رکشے پر سیفٹی راڈ ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری مقررہ سائز اور سٹینڈرڈ کے مطابق پتنگیں اور ڈور استعمال کریں، ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے و طویل قید کی سزا ہوسکتی ہے، پتنگ بازی کیلئے دھاتی تار، تندی، بلٹ بروف میٹریل اور چرخی کا استعمال غیر قانونی ہے، رجسٹرڈ مینوفیکچرز، سیلرز اور دکاندار سے کیو آر کوڈ لگی ڈور اور پتنگیں خریدی جائیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ دکاندار بھائیوں سے اپیل ہے عوام بالخصوص بچوں کی خوشیوں کی راہ میں حائل نہ ہوں، ڈور اور پتنگیں مہنگی نہ بیچیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر تحصیل میں 5محکموں پر مشتمل کوئیک رسپانس یونٹس قائم کی گئی ہے، کھلی چھت پر پتنگ بازی کرتے ہوئے احتیاط کی جائے، منڈیر نہ ہونے پر چھت کے اطراف میں کم ازکم نائیلون کی ڈور ضرور باندھ لیں، کھلی چھت پر حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی، بسنت کے موقع پر تھرمل ڈرون کے ذریعے سرویلنس جاری رہے گی۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور کے سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی گئی، پولیس، ٹریفک وارڈن، انتظامیہ اور دیگر ادارے آپ کی مدد کیلئے موجود ہیں، شہری ان سے بھرپور تعاون کریں۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!