ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے انکا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق ازبک مہمان کا نور خان ایئربیس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، مہمان کو ثقافتی ملبوسات میں ملبوس بچوں نے گلدستے پیش کئے، بچوں نے دونوں ملکوں کے پراچم تھام رکھے تھے۔
اس موقع پروزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی موجود تھے۔
ازبک صدر کیساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی آیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ازبکستان کے صدر وزیراعظم اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرینگے جبکہ شہباز شریف اور شوکت مرزیایوف کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہونگے۔
ترجمان نے بتایا کہ ازبک صدر پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کرینگے۔
پاک ازبک مذاکرات میں تجارت، توانائی اور دفاعی تعاون پر بات ہوگی جبکہ تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر بھی زور دیا جائیگا۔
ازبک صدر شوکت مرزیایوف کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے جو پاک ازبک تعلقات میں تیزی سے بہتری کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگا۔




